اسلام آباد(خبر نگار خصوصی؍ سپورٹس رپورٹر، اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے ایک اور بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے ملک گیر سی پی آرٹریننگ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ،ایمرجنسی حالات میں جان بچانے والی بین الاقوامی معیار کی سی پی آر تربیت لاکھوں زندگیاں بچانے میں معاون ثابت ہوگی۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان میں سربراہ اسٹریٹجک ریفارمز سلمان صوفی نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے سربراہ اسٹریٹجک ریفارمز کو فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جان بچانے والی سی پی آر ٹریننگ کو سکولوں کے نصاب میں شامل کیا جائے گا۔ سلمان صوفی نے کہا اسکے علاوہ ہر شہری کو سی پی آر کی تربیت دینا بھی مہم کا حصہ ہوگا،آئندہ ہفتے اس ملک گیر مہم کے حوالے سے مکمل لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے سابق کرکٹرخالد محمود،اسامہ اشفاق سرور اور عبداللہ اشفاق سرور نے لاہور میں ملاقات کی۔