لاہور(قاضی ندیم اقبال ) گورونانک دیو جی امن، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کے علم بردار تھے ۔ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہر حوالے سے آسودہ، بااختیار اور تعظیم کی حامل ہیں جبکہ بھارت میں حالات اس کے برعکس ہیں۔دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ہونے کے دعوے دار بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی ایک عام سی بات ہے ۔مودی کی سر پرستی میں اقلیتوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ۔ کشمیریوں کونسل کشی کو بچانے کے لئے عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں آگے بڑھیں،اپنا بھرپور اور فعال کردار ادا کریں۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر انتظام آ ج بابا گورو نانک دیو جی کے 551ویں جنم دن کی ہونے والی مرکزی تقریب بین المذاہب ہم آہنگی کا منہ بولتا ثبوت ہو گی ۔کیونکہ یہ فقط محبت ہے جو دلوں کو مسخر کر سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سکھ گورودورارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ ،چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد ، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق پردھان سردار بشن سنگھ ،ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز طارق،پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردار امیر سنگھ اورنے گورو نانک دیو جی کے 551ویں جنم دن کے موقع پر روزنامہ ’’92‘‘ نیوز سے خصوصی گفتگو میں کیا۔پاکستان سکھ گورودورارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار ستونت سنگھ نے کہا کہ گورو نانک دیوجی کی تعلیمات انسانیت کی تعظیم، محبت کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کا درس دیتی ہیں۔چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد نے کہا کہ پیغمبر اسلام کی طرح گورو نانک بھی خدائے واحد کی اطاعت کا مطالبہ کرتے ہیں۔پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے سابق پردھان سردار بشن سنگھ نے کہا کہ احترام انسانیت وہ صفت اور خوبی ہے جس سے انسانیت کا دوام وابستہ ہے ۔ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن پر شاندار انتظامات کرنے پر پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کا کردار لائق تحسین ہے ۔ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز طارق نے کہا کہ بلا شبہ پاکستان دنیا بھر میں اقلیت نواز اور اقلیت دوستی کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے جس کا سہرا عمران خان حکومت کے سر ہے جبکہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور سیکولر ہونے کی دعوے دار بھارت میں اسکے دعوؤں کے برعکس انسانی حقوق کی پامالی ایک عام سی بات ہے جوکہ صرف مقبوضہ کشمیر تک محدود نہیں۔ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے سیکرٹری جنرل سردار امیر سنگھ نے کہا کہ گورونانک دیو جی نے ننکانہ میں جنم لیا۔ہماری پاکستانی سر زمین اپنے اس بیٹے پر فخر کرتی ہے ۔میں پوری پاکستانی قوم خاص طور پر سکھ کمیونٹی کو بابا گورو نانک دیو جی کے 551ویں جنم دن پر مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ بابا گورونانک دیو جی امن، بھائی چارے اور مذہبی روادی کے علم بردار تھے ۔