رحیم یار خان (سٹی رپورٹر ) پی پی پی سنٹرل پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شوگر سکینڈل فرانزک رپورٹ دراصل ایک ڈرامہ ہے تاکہ عوام کی توجہ اصل ایشوز سے ہٹائی جا سکے ۔ گزشتہ روز ایم این اے جاوید اقبال وڑائچ سے چک 105 میں انکے والد کی تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا نیب کی غیر جانبداری کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ایک وفاقی وزیر نیب کی جانب سے متوقع گرفتاریوں کا 15 دن سے راگ الاپ رہا ہے اور نیب نے اسکی تردید نہیں کی۔انہوں نے کہا نیب وزیر اعظم عمران خان کی بی ٹیم بن چکا ہے جسے سیاسی مخالفین سے انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے کئی اہم رہنما چھ چھ ماہ تک نیب کی تحویل میں رہے مگر انکے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا ،اس کے باوجود نیب انتقامی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی نوید ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں اس وقت مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور عوام مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں لیکن وفاقی وزرا سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔