پشاور(92نیوز)محکمہ بلدیات پنجاب نے خیبر پختونخوا میں رائج جدید نظام کی ای بڈنگ اور ای آکشن کو اپنے صوبے کے تمام لوکل گورنمنٹ آفسز میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔اس مقصد کے لئے دونوں صوبائی محکموں کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔معاہدے کی رو سے صوبہ خیبر پختونخوا اپنا متعلقہ کمپیوٹرائزڈ نظام پنجاب لوکل گورنمنٹ کے لیے مہیا کرے گا۔ اس تناظر میں محکمہ بلدیات پنجاب سے آئے ہوئے مختلف آفیسرز کو اس نظام کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا اور اس کے ساتھ ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ افراد کے لیے دو روزہ ٹریننگ کا انعقاد بھی کیا گیا۔اس ٹریننگ میں صوبہ پنجاب کے بلدیات کے افسران،ضلعی محکموں کے عہدے داروں اور پنجاب آئی ٹی بورڈ کے نمائندے شامل ہوئے ۔محکمہ بلدیات،انتخابات دو یہی ترقی خیبرپختونخوا نے اپنے تمام ذیلی اداروں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا یہ جدید نظام نافذ کیا ہے ۔جس کی وجہ سے نہ صرف کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے بلکہ ٹھیکیداروں کو بھی یکساں مقابلے کے موقع فراہم کیے گئے ہیں۔اس سے قبل پاکستان آرمی و نیوی کی ٹیموں نے بھی پختونخواکے محکمہ بلد یات میں رائج ان اقدامات کو سراہا ہے اور محکمہ سے اس کی ترویج کی درخواست کی ہے اس سسٹم میں ایک شفاف انداز میں ٹھیکوں کی نیلامی ہوتی ہے جو کہ محکمہ کے ویب سائٹ کے ذریعے سب کو عیاں ہوتی ہے اور ہر کوئی اپنی رائے اور مشورہ سے محکمہ کو باخبر رکھتا ہے ۔ اس نظام میں صوبہ بھر کے ٹھیکیداران حصہ لے سکتے ہیں اور حتمی نتائج کمپیوٹرائز طریقے سے ان کے سکر ین پر مقررہ وقت میں فراہم کئے جاتے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں اگلے مالی سال 20 -2019 سے اپنے تمام امور ان دو سا فٹ وئیرز کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے ۔یہ بات یاد رہے کہ دونوں صوبوں نے درمیان یہ باہمی مفاہمت صرف اور صرف آسانی اور شفافیت پیدا کرنے کے لیے کی گئی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔