لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں مختلف محکموں میں ایک لاکھ خالی اسامیوں پر بھرتی کی منظوری دے دی ہے ۔ بھرتی صرف اور صرف میرٹ اور مجوزہ تعلیمی قابلیت کی بنیاد پر ریکروٹمنٹ پالیسی کے مطابق ہ میرٹ، تعلیم اور تجربے کی بنیادپر کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایڈ ہاک ڈاکٹروں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کرنے کاحکم دیا اور ہدایت کی کہ آئندہ ایڈہاک ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔ ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد ہے ۔ وزیراعظم نے تاریخ ساز ریلیف پیکیج کااعلان کیاہے ۔120ارب روپے کے ریلیف پیکیج سے 2کروڑ خاندان مستفید ہوں گے ۔پاکستان کی تاریخ میں عوامی ریلیف کے اتنے بڑے پیکیج کاآج تک اعلان نہیں ہوا۔اپوزیشن کاکام صرف تنقید برائے تنقید رہ گیا ہے ۔اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے کچھ نہیں کیا۔اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ عزت دی ۔آپ نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دے کر یکساں ترقی کا نیاوژن دیا ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،حلقوں میں جاری فلاح عامہ کی سکیموں اورترقیاتی منصوبوں پرہونے والی پیش رفت پربات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی احمدحسین، افضل اوررکن پنجاب اسمبلی غضنفر عباس چھینہ شامل تھے ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ سے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے ملاقات کی،جس میں امن و امان کی صورتحال اور دیگراہم امور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورپرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ملاقات کے دوران پولیس شہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعا کی گئی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، وفاقی وزیر آبی وسائل مونس الٰہی اور حسین الٰہی ایم این اے سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال اور اتحادی معاملات کو احسن انداز میں آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کے حالات اسی صورت میں بہتر ہوں گے بشرطیکہ فوری اقدامات کیے جائیں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کاآج ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا ، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں انہوں نے روز نا مہ پاکستان کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر،معروف تجزیہ نگار وسینئر صحافی قدرت اللہ چودھری کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیااور غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا۔ادھر تحصیل کوہ سلیمان کے رہائشیوں نے تونسہ میں پاسپورٹ سہولت ملنے پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔دوسری طرف ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں بھرتی کا عمل فوری شروع کیا جارہا ہے ، سکولزاور کالجز میں 33 ہزار اسامیوں پر بھرتی ہو گی، پہلے مرحلے میں 16 ہزار بھرتیاں ہونگی،محکمہ صحت میں 1600، سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں 6 ہزار، کالج ٹیچر میں 600، پٹواریوں کی 4800 بھرتیاں ہوں گی،12000 پولیس کانسٹیبلوں کی اسامیاں پر بھرتی ہوں گئیں۔ترجمان نے مزیدکہا آئی جی پنجاب کی تبدیلی زیرغور نہیں، لاہور کی سطح پر پولیس میں تبدیلیاں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کالعدم تنظیم کے قانونی معاملات عدالتیں جبکہ انتظامی امور حکومت کی ذمہ داری ہیں۔حکومت پنجاب نے دھرنوں کے بعد سب سے پہلے مذاکراتی کمیٹی بنائی اور امن کے لیے پہل کی۔ ہمارے 5 پولیس اہلکاروں نے عوام کی جان و مال کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ حکومت ان شہدا کے لواحقین کی ہر ممکن امداد کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پولیس کے افسران اور جوانوں پر تنقید کی بجائے انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا چاہئے ۔