اسلام آباد (خصوصی نیوز رپورٹر) پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے کیونکہ دونوں ممالک متعدد شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے کی عمدہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولینڈ اور پاکستان کی دوطرفہ تجارت اس وقت بڑھ کر پچاس کروڑ یورو سے تجاوز کر گئی ہے جس کو مزید بہتر کرنے کی وسیع گنجائش موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پولینڈ کیساتھ تقریبا 90فیصد برآمدات ٹیکسٹائل مصنوعات پر مشتمل ہیں تاہم پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنی مزید مصنوعات پولیند کو برآمد کرنے کی کوشش کرے جس سے پولینڈ کے ساتھ اس کی تجارت مزید فروغ پائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی بہتر صلاحیت رکھتے ہیں کیونکہ پولیند کی کمپنیاں پاکستان میں 5Gاور موبائل نیٹورک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا چاہتی ہیں۔