اسلام آباد (92نیوز رپورٹ )سپریم کورٹ کے حکم پر پی آئی اے کے چیئرمین ارشد ملک نے اپنے اختیارات بورڈ آف ڈائریکٹرز کو سونپ دئیے ،ارشد ملک کو پی آئی اے کے بورڈز آف ڈائریکٹرز نے نامزد کیا تھا،ائیر مارشل ارشد ملک نے پی آئی اے میں اصلاحات کیلئے بہترین اقدامات کئے ،ان کے دور میں جعلی میڈیکل بلز کا خاتمہ ہوا اور غیر ضروری فنڈز بند ہوئے ، انہوں نے پی اے ایف کے حاضر سروس افسروں کی ایک ٹیم کو ذمہ داری سونپی۔انہوں نے ہدایات دی تھیں کہ ادارے میں نظم وضبط اور اصلاحات لائیں، خسارے کو کم کریں اور ائیر لائن کو دنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام دلائیں،انہوں نے کم عرصے میں وہ کر دکھایا جو آج تک کوئی نہ کرسکا۔ارشد ملک کے مطابق میری ٹیم نے اپنا کام بہترین صلاحیتوں اور پیشہ وارانہ طریقے سے انجام دیا اور تمام فیصلے میرٹ پر کئے ، انتظامی اخراجات میں کمی کی اور کرپشن کا راستہ بھی روکا گیا جس سے ائیر لائن اپنے پائوں پر کھڑی ہوئی،مالی فائدے کیلئے پہلی بار بوئنگ ، ائیربس اوردوسری انجینئرنگ کمپنیوں کے ساتھ مذاکرات ہوئے ، منافع میں سالانہ دس ارب روپے اضافہ ہوا۔