اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی3 خواتین ممبران قومی اسمبلی کنول شوزب،تاشفین صفدر اور ملیکہ بخاری کی نا اہلی کیس میں مزید دلائل طلب کرلئے ۔ جمعہ کو جسٹس عامر فاروق نے 31 اگست کو محفوظ کئے گئے فیصلے پر دوبارہ سماعت کی ۔ عدالت نے تینوں ممبران قومی اسمبلی کے نامزدگی فارمز جمع کرانے کی تاریخ کے حوالے سے پوچھا۔ بعد ازاں مزید سماعت 15 نومبر تک ملتوی کردی ۔ ہائی کورٹ نے ہندو مذہب کے تہوارہولی،دیوالی پر عام تعطیلات،قبل ازوقت تنخواہ ادائیگی کیس میں درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔ دور ان سماعت وکیل یاسر چودھری نے کہاکہ سرکاری،نجی شعبے میں ہندو ملازمین کو تہواروں پر چھٹیاں دی جائیں جبکہ پیشگی تنخواہوں کی ادائیگی کا حکم دیا جائے ۔جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ یہ ایگزیکٹو کا کام ہے و ہی اس کا فیصلہ کرسکتی ہے ۔ عدالت نے ملتان ہائی کورٹ بار کے سابق نائب صدر کی اسلام آباد سے گمشدگی کیس میں ایک ماہ میں اسلام آباد پولیس کو تحقیقات مکمل کر نے کی مہلت دیدی ہے ۔جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت 19نومبر تک ملتوی کردی۔