کراچی(سٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا، ملزمان اسلحہ بھی لے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ 26 سالہ نعمان ولد نزاکت علی شدید زخمی ہوگیا اورہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں جام شہادت نوش کرگیا۔ شہید نعمان مددگار 15 کلفٹن بیس ساؤتھ میں تعینات اور نائٹ ڈیوٹی کرکے گھر جارہا تھا، ملزموں نے 4 گولیاں چلائیں، پولیس نے جائے وقوع سے 30 بور کے 4 خول تحویل میں لیکر فرانزک ڈویژن کو بھیج دیئے ہیں۔ عینی شاہد نے بتایا کہ ملزموں نے نعمان سے کوئی بات نہیں کی، سیدھی فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ۔ آئی جی سندھ نے رپورٹ طلب کرلی ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی معلوم ہوتا ہے تاہم تفتیش کی جارہی ہے ۔ مقتول 6ماہ کے بچے کا باپ تھا، مقتول کی نماز جنازہ منظور کالونی جامع مسجد میں ادا کی گئی اور آہوں، سسکیوں میں محمودآباد قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا، نماز جنازہ میں پولیس کے اعلیٰ افسران و اہلکار شریک ہوئے ۔