جوہانسبرگ( ویب ڈیسک) ماہر فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے صرف برش اور رنگوں کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ وہ ناکارہ اشیا کو استعمال میں لا کر اپنی مہارت کا مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے Pro Thusi نامی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ اس انداز میں کرتا ہے کہ ناکارہ اشیا، پلاسٹک اور کاٹھ کباڑ کی مدد سے لاجواب فن پارے بنا لیتا ہے ۔ پلاسٹک کی استعمال شدہ چیزوں کی مدد سے بنائے گئے یہ فن پارے جہاں فنکار کے فن کا منہ بولتا ثبوت ہیں، وہیں یہ عمل ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں بھی معاون ہے ۔ اس افریقی نوجوان کے سوشل میڈیا پر خوب چرچے ہو رہے ہیں جبکہ یورپ کے کئی ٹی وی چینل بھی اس نوجوان کی صلاحیتوں کا بڑھ چڑھ کر اعتراف کر رہے ہیں، فنکار کے مطابق یہ سب پلاسٹک اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیخلاف آواز اٹھانے کا انوکھا طریقہ ہے ۔