مکرمی! 76 سال قبل بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر کی سرزمین پر اتاری تھیں تب سے لیکر آج تک بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و تشدد کی ایسی ایسی داستانیں رقم کیں کہ انسانیت بھی شرما جائے۔ ان سات دہائیوں میں کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ بنایا گیا لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں انہوں نے بھارتی بربریت کے آگے ہتھیار نہیں ڈالے بلکہ اس ظلم کے آگے ڈٹ کر کھڑے ہو گئے۔بھارت کا یہی غیر قانونی اقدام کم نہیں کہ آج سے چار سال قبل 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر دی۔کشمیری اس دن سے دنیا کی سب سی بڑی جیل میں بے بسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ بھارت کشمیریوں پر مسلسل جبر و ظلم جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں تسلیم کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارتی قانون لاگو نہیں ہوتا۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنی پانچ قراردادوں پر عملدرآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہے۔ اس سے پہلے کہ دنیا میں حل طلب تنازعات سنگین صورت اختیار کریں ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان مسائل کا پر امن اور منصفانہ حل یقینی بنائے۔ کشمیری عوام اپنی آزادی کے مطالبہ سے کسی صورت زرا برابر بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔کشمیری عوام بھارتی افواج کی زیادتیوں کا سامنا کر رہے ہیں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارتی افواج کی بربریت ،ظلم و زیادتی کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں۔ (امجد آفتاب ،روجھان)