لاہور(وقائع نگار،92نیوزرپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ ایک دن کشمیر بنے گا پاکستان،انہوں نے گورنرپنجاب کے ہمراہ 90 شاہراہ قائداعظم پریوم سیاہ کشمیر پر اجتماع میں شرکت کی اورکشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار،گورنر پنجاب چودھری سرور اورشہریوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر بھارتی بربریت اور مودی سرکار کے مظالم پر بھرپور احتجاج کیا۔ وزیراعلیٰ ،گورنراور شہریوں نے یوم سیاہ پر واک بھی کی۔وزیراعلیٰ اورگورنر سرورنے فرانس میں گستاخانہ خاکوں اورپشاور میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کشمیریوں کی سفارتی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے دنیا کے سامنے جس جرأت اوربہادری کے ساتھ مقبوضہ جموں و کشمیر کا مقدمہ پیش کیا،ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر کے ساتھ بھارت میں بھی ظلم کی تاریخ رقم کی ہے ۔دنیا کو بھارتی مظالم کا نوٹس لینا پڑے گا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے عوام دوست اقدام اٹھاتے ہوئے فلور ملوں کیلئے گندم کے کوٹے میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے اوروزیراعلیٰ نے فلور ملوں کیلئے روزانہ کی بنیاد پرگندم کا کوٹہ 25ہزار ٹن کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ فلور ملوں کیلئے گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ صوبے کے عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر کیا گیاہے اور اس اقدام سے آٹے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں 20کلو آٹے کا تھیلا860 روپے میں دستیاب ہے ۔آٹے کی قیمتوں اورفلور ملوں کو گندم کے اجرا کو ذاتی طورپر مانیٹر کررہا ہوں۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھاتے رہیں گے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ اور گورنر نے پشاور مدرسہ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے کہا کہ مکار دشمن پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی گھناؤنی سازش کررہا ہے ۔دہشت گردی کے ناسورکے خاتمے کیلئے پوری قوم متحد ہے ۔قوم کے اتحاداوریکجہتی سے دشمن کے مذموم عزائم ناکام بنائیں گے ۔