کراچی(سٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آج ہم اپنی جدوجہد کے نئے موڑ پر آگئے ہیں۔ ایسی فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز ہونے والا ہے جس کے ہم سب برسوں سے منتظر ہیں۔ آپ لوگوں کو متحد ہو کر حالات کا مقابلہ کرنا ہے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں 17 اور 18 مارچ کی درمیانی شب ایم کیو ایم کے 38 ویں یوم تاسیس کے موقع پرمرکزی دعائیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹرخالد مقبول نے کہا کہ ہم نے پر امن ریلی نکالی جس پر سندھ حکومت نے تشدد کا نشانہ بنایا،آج وہی پیپلز پارٹی ہماری بات سننے کیلئے مجبور ہوئی اور ہمارے مطالبات تسلیم کر رہی ہے ۔جو لوگ کل آپ سے بات نہیں کرنا چاہتے تھے آج وہ مجبور ہوگئے ،ہم اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے ۔بعد ازاں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کیک کاٹ کر 18مارچ کے دن کا آغاز کیا۔