اسلا م آباد ، لاہور (رپورٹنگ ٹیم، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبانے پاکستان میں مزید 7 افرادکی جان لے لی اور اموات کی مجموعی تعداد 30298ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹراوروزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران39540کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 1.82فیصد رہی،723نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس17809ہو گئے ،677مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید956مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔ابتک ملک بھر میں کوروناویکسین کی 219368557خوراکیں لگائی جاچکی ہیں جبکہ گزشتہ 24گھنٹوں کے میں 678788خوراکیں لگائی گئیں۔ ابتک 101881176 افراد کو مکمل ویکسین جبکہ 4869245کوبوسٹرڈوز لگائی جاچکی ۔ادھروزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ صوبہ میں کورونا سے مزید 2ا موات ہوئی ہیں جبکہ 280نئے کیسزمیں سے 26کاتعلق کراچی سے ہے ۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں60لاکھ55ہزار سے زائد ہو گئیں۔کورونا ایس اوپیز میں نرمی کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی ؐ میں نمازیوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ۔تقریباً 10 لاکھ سے زائد نمازیوں نے مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی ؐ میں نماز جمعہ بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی۔رپورٹ کے مطابق کورونا پابندیوں کے خاتمے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر سے 2 لاکھ سے زائد معتمرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔