لاہور، اسلام آباد ،کراچی(جنرل رپورٹر ،نمائندہ خصوصی سے ، اپنے سٹاف رپورٹر سے ، مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں)کورونا وائرس کے باعث ملک میں مزید35 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ 1828نئے کیس رپورٹ ہو ئے ۔این سی او سی کے مطابق مجموعی اموات 22555، مصدقہ کیس 971304، فعال کیس 36454ہوگئے ۔ 48134 ٹیسٹ کیے گئے ، مثبت کیسز کی شرح 3.8 فیصد رہی۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران422743 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔ابتک 19067352 خوراکیں لگائی جا چکیں۔ پنجاب میں ایک کروڑ ایک لاکھ خواراکیں لگ چکیں۔ پنجاب میں ایک ماہ کے بعد 240 نئے کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 10 اموات ہوئیں جن میں سے 3لاہور میں ہوئیں ۔ لاہور 120، راولپنڈی 47،ملتان،سیالکوٹ9،9، فیصل آباد ، رحیمیار خان7،7 ،بہاولنگر ،بھکر4،4، گوجرانوالہ،مظفرگڑھ،ننکانہ 3،3، چکوال، ڈیرہ غازیخان، جھنگ، جہلم، لیہ ،ساہیوال 2،2 ،بہاولنگر، چینوٹ، گجرات، خوشاب، لودھراں، میانوالی، نارووال ،پاکپتن ، راجن پور، سرگودھا، شیخوپورہ اورٹوبہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا۔محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے ماتحت طبی اداروں کے ملازمین کو15 جولائی تک ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کردی ۔15 جولائی تک ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو ہسپتالوں اور دیگر طبی اداروں میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی اور ان کو غیر حاضر تصور کیا جائے گا۔سعودی عرب سے کراچی آنیوالے 10 مسافروں میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔ پنجاب حکومت نے عید پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے 18جولائی تک ہفتہ پابندی ایس او پیز اور ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ کیا ہے اور مانیٹرنگ کیلئے صوبائی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا جبکہ ایس اوپیز کی چیکنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔فیصلہ وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس کے دوران کیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا لوگ ماسک پہننے اور سماجی فاصلے کو زندگی کامعمول بنا لیں۔ہفتہ پابندی ایس او پیز منانے کا مقصد وائرس کاپھیلاؤ روکنا ہے ۔ چیف سیکرٹری نے ویکسینیشن کی رفتار بہتر بنانے پر گوجرانوالہ ڈویژن کی تعریف کی جبکہ قصور،ساہیوال،اوکاڑہ، میانوالی،سرگودھا،خانیوال، بہاولپور، رحیمیار خان کے ڈپٹی کمشنرز کو ویکسینیشن کی رفتار بہتر بنانے سے متعلق ہدایات جاری کیں۔ ناقص کارکردگی پر سی ای او ہیلتھ قصور کو ٹرانسفر کرنے کاحکم دیدیا۔انہوں نے تنبیہ کی کہ ویکسی نیشن ٹارگٹ پورا نہ ہونے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر ذمہ دار ہو گا۔ڈی ایچ اے میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر5 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ گلگت بلتستان میں کورونا کیسز کی بڑھتی صورتحال پر ایمرجنسی نافدکر دی گئی ۔سندھ حکومت نے ہسپتالوں میں علاج معالجے یا منتخب سرجری کیساتھ ساتھ ملازمت کیلئے ٹیسٹ اور انٹرویوز کیلئے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیدیا۔خیبرپختونخوا میں صرف ویکسین لگوانے والے افراد کو ہی شادی تقریبات اور انڈور ڈائننگ میں شرکت کی اجازت ہوگی۔پاکستان کو کوویکس کے تحت ایسٹرازینیکا کی 12 لاکھ 36 ہزار خوراکیں آئندہ ہفتے ملنے کاامکان ہے ۔ادھر دنیا بھرمیں متاثرین18.71کروڑ جبکہ ہلاکتیں40.39لاکھ ہوگئیں۔یو اے ای نے افغانستان اور انڈونیشیا سے آنیوالے مسافروں پر پابندی لگا دی۔