اسلا م آباد ،لاہور(رپورٹنگ ٹیم،نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وباسے پاکستان میں مسلسل پانچویں روز بھی کوئی فردجاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی مجموعی تعداد30361ہی رہی ۔ وزارت قومی صحت کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 27003کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 0.56فیصد رہی، کورونا کے 141نئے مریض رپورٹ ہوئے اور فعال کیس9223ہو گئے ،280مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ مزید116مریض مکمل صحتیاب ہو گئے ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر عمران سکندر بلوچ کے مطابق پنجاب میں کورونا کے 40نئے کیس سامنے آگئے ۔ کورونا کے باعث مزید کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد 13558رہی۔لاہور سے کورونا کے مزید25،راولپنڈی سے 5 جبکہ وہاڑی سے 4کیس رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ میں کورونا مثبت کیسز کی مجموعی شرح 0.3 فیصد ر ہی جبکہ لاہور میں 0.5 فیصد، راولپنڈی میں 0.3 فیصد، فیصل آباد میں 0.3 فیصد، ملتان میں 01 فیصد اور گوجرانوالہ میں 0.2 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں 61لاکھ 98ہزارسے زائد ہو گئیں۔