اسلام آباد (خبر نگار خصوصی،این این آئی، 92 نیوز رپورٹ) کورونا وائرس سے تحفظ کیلئے سپریم کورٹ کو حکومتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مراز نے عالمی وبا کی موجودہ صورتحال، انتظامات، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور احساس پروگرام کی چیئرپرسن ثانیہ نشتر نے مالی مدد نے ریلیف سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔ ظفر مرزا نے کہا کہ ہمارے تخمینے سے کم کیسز رپورٹ ہوئے اور اموات بھی کم ہوئی ہیں۔ سپریم کورٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس گلزاراحمد کی زیر صدارت 5ججز کوان چیمبر بریفنگ دی گئی۔ چیف جسٹس نے ہسپتالوں کی اوپی ڈیز کی بندش، کورونا ٹیسٹ کی صلاحیت، ڈاکٹرز، طبی عملے کی حفاظت، قرنطینہ سینٹرز سے متعلق حکومتی اقدامات دریافت کئے ۔ ظفر مرزا نے بتایا کہ ملک کے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی سروس 24گھنٹے کیلئے کھلی ہے ، پرائیویٹ ہسپتالوں کو لاک ڈاؤن کے دوران امور کی انجام دہی سے نہیں روکا گیا، انہیں تجویز دی گئی کہ صحت سے متعلق عالمی ادارہ صحت کے پروٹوکول کو پورا کریں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے وینٹی لیٹرز، طبی آلات اور حفاظتی انتظامات پر بریفنگ میں کہا کورونا کی تشخیص کیلئے مزید لیبارٹریاں بنائی جارہی ہیں۔ ثانیہ نشتر نے کہا کہ ایک کروڑ 20لاکھ خاندانوں کو احساس پروگرام کے تحت 12ہزار روپے دینے کیلئے نادرا سافٹ ویئر اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ریکارڈ سے مدد لی جائے گی، مالی مدد بائیو میٹرک نظام کے تحت دی جائے گی، مالی مدد کرتے وقت حفاظتی تدابیر کو مدنظر رکھا جائے گا۔چیف جسٹس نے بریفنگ کے بعد حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا امید ہے حکومت وبا سے نمٹنے کیلئے بھرپور اقدامات کرے گی۔ سپریم کورٹ سے روانہ ہونے پر صحافیوں سے گفتگو میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ سپریم کورٹ کو ہیلتھ ایمرجنسی، ملک میں موجود صحت کی سہولیات اور قرنطینہ سینٹرز پربریف کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کورونا کو گرمی سے فرق نہیں پڑے گا،یہ محض تھیوری ہے ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا ججز حکومتی کام سے مطمئن ہیں۔