اسلام آباد،لاہور،کراچی،سیالکوٹ ، ویلنگٹن ( خبر نگار خصوصی،وقائع نگار،جنرل رپورٹر،سٹاف رپورٹر،ڈسٹرکٹ رپورٹر،این این آئی)ملک میں کورونا وائرس کے وار تیز ،مزید 95 افراد جاں بحق ،3221 نئے مریض جبکہ 4کروڑ 34لاکھ افراد کی ویکسینیشن مکمل ہوگئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز ملک بھر میں 48 ہزار 181 ٹیسٹ کیے گئے جن سے 3221 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی، اس طرح کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6.68 فیصد رہی۔این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 11 لاکھ 5 ہزار 300 ہوگئی ہے ، جن میں سے 9 لاکھ 93 ہزار 304 شفایاب ہوچکے ہیں۔گزشتہ روز ملک میں کورونا کے مزید 95 مریض جاں بحق ہو گئے جس کے بعد مصدقہ اموات 24 ہزار 573 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں7.74 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ۔سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سارہ اسلم نے کہاکہ پنجاب میں کورونا کے کیسز کی ٹوٹل تعداد 373,719 ہو گئی۔گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 14 اموات رپورٹ ہوئیں۔ لاہور میں 418 اور راولپنڈی میں 130 کیسز رپورٹ ہوئے ۔فیصل آباد میں 70 اور سرگودھا میں 41 اور ننکانہ صاحب میں 28 کیسز رپورٹ ہوئے ۔سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر دوبئی جانے والی فلائٹ میں چار مسافر جنید علی ، ارتضیٰ جمیل ، مقصود الرحمن،عارف محمود کے کورونا میں مبتلا ہونے پر ان کو واپس بھیج دیا گیا۔وزیراعلی سندھ نے بیان میں کہاہے کہ کورونا وائرس کے مزید 22 مریضوں نے اپنی جانیں گنوائیں جس سے اموات کی تعداد 6497 تک پہنچ گئی۔محکمہ تعلیم سندھ کی سٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے میں تعلیمی ادارے 23اگست پیرسے 50فیصد حاضری کے ساتھ کھل جائیں گے ۔جامعات اورسکولز میں موبائل ویکسینیشن کرائی جائے گی۔ کورونا وائرس کے پیش نظرجمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں جراثیم کش سپر ے کیاجائیگا۔ پارلیمنٹ ہاؤس 5 دن مکمل بند رہے گا ۔افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والے ہر شخص کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ سینٹر بھیجا جائے گا۔دریں اثنا نیوزی لینڈ کے بڑے شہر آک لینڈ میں کورونا وائرس کے ایک مریض کی نشاندہی کے بعد آج سے سارے ملک میں تین روزہ اور آک لینڈ میں 7 روزہ لاک ڈائون کے نفاذ کا فیصلہ اعلان کردیاگیا۔ حکومتی اعلان کے بعد نیوزی لینڈ کی کرنسی کی قدر میں کمی ہو گئی ہے ۔