لاہور،اسلام آباد،واشنگٹن(جنرل رپورٹر ، اپنے رپورٹر سے ،خبر نگار خصوصی ،ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا مزید 35زندگیاں نگل گیا،خیبر پختونخوا میں 16افرادراولپنڈی میں بندوٹ کا رہائشی 80سالہ بابا برکت جبکہ امریکہ میں تارکین کی مدد کرنیوالا پاکستانی نژاد شفقت خان بھی جاں بحق ہو گیا ۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں پاکستان میں 16387ٹیسٹ کئے گئے ،سندھ میں مریضوں کی تعداد 20883، پنجاب 18455، اسلام آباد1326،خیبر پختونخوا 7391، بلوچستان 3198،آزادجموں وکشمیر158،گلگت بلتستان میں 602جبکہ ملک بھر میں کل کورونا مریضوں کی تعداد 52018کے قریب ہے جبکہ 1087 اموات اور 15201 مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔لاہور سے جنرل رپورٹر کے مطابق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر نے کہا ہے پنجاب میں 1073 نئے کیس سامنے آئے ،لاہور میں 499 ،قصور 20، شیخوپورہ 26، راولپنڈی 209، گوجرانوالہ 65 اور سیالکوٹ میں 64 نئے کیس سامنے آئے ، کل 310 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 191910 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ ساہیوال سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق ایران سے لائے گئے مشتبہ 45 زائرین قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیئے گئے ،اپنے رپورٹر سے کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور نے 3593مقامات پر کلورین سپرے کیا گیا۔ دریں اثنا اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر اسد عمر نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب میں کہا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے ،میڈیا نے شاندارکردار ادا کیاہے ،سنٹر سے جاری اعدادوشمار کے مطابق مزید 2500سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی،قومی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عامر اکرام نے میڈیا کو لاک ڈائون ہٹانے کی وجہ سے آئندہ ہفتے سے کورونا کیسز میں 15 سے 20 فیصد اضافہ کا خدشہ ہے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے 50 اموات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوری قوم سے اپیل کی کہ نماز عید گھر پر پڑھیں، ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورتحال بگڑ سکتی ہے ۔دوسری جانب پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن نے وزیراعظم اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے نام خطوط میں ڈاکٹروں، نرسز اور طبی عملے کی جانوں کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا،جنوبی سوڈان میں کابینہ کے 10 ارکان کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ بنگلہ دیش نے سب سے پہلے اینٹی وائرل دوا ریمڈیسیور کی عام قسم تیار کر لی جبکہ روسی کمپنی نے بھی دوا بنانے اور کلینیکل ٹیسٹوں کا دعویٰ کیا ہے ۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد5231338،ہلاکتیں335584ہو گئیں جبکہ 2104009افراد صحتیاب ہوئے ہیں،امریکہ میں کورونا وائرس سے اب تک 96 ہزار 354 افراد ،برازیل 20ہزار 82 ،برطانیہ 36 ہزار 42 ،اٹلی میں 32 ہزار 486 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔امریکی سنٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سطحوں یا اشیا کو چھونے سے آسانی سے نہیں پھیلتا۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے جنوبی امریکہ کورونا کی عالمی وبا کا نیا مرکز بن رہا ہے ،مصری حکومت نے تنخواہوں سے ایک فیصد کٹوتی ،امریکی سائنسدانوں نے اینٹی وائرل دوا ریمڈیسور کی منظوری کی وجوہات شائع کرنے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کے سیکرٹری اسد کھوکھر کورونا وائرس سے صحت یاب ہوگئے ۔