لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کا آج آخری دن ہے جبکہ ابھی سے اپوزیشن نے گند ڈالنے کے الزامات لگانے شروع کر دیئے ہیں۔ ملکی مسائل کے حل کیلئے اب عوام کے پاس آپشن صرف جماعت اسلامی ہے ۔ گزشتہ روزمنصورہ کی مرکزی مسجد میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب اور ٹاؤن شپ لاہور میں تقریب افطار میں گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے مزید کہا کہ حکمران اشرافیہ کا وتیرہ بن چکا کہ ایک دوسرے پر الزامات لگاؤ، ملک لوٹو اور عوام کو بے وقوف بناؤ۔وزیراعظم امریکہ مخالف ہونے کی بات کرتے ہیں، مگر اپنے لئے سارے مشیر امریکہ سے درآمد کئے اور ملک کو این جی اوز کی طرح چلایا۔ سپریم کورٹ نے مناسب فیصلہ دیا، آئین محفوظ ہو گیا، اگر سپریم کورٹ اس کیخلاف فیصلہ نہ دیتی، تو کل کو سپیکر کوئی بھی رولنگ دے کرزمانے کا ہٹلر بن سکتا تھا۔ پوزیشن کی لڑائی مفادات کیلئے ہے ،کرپٹ نظام کی حفاظت کیلئے سبھی ایک ہیں،کوئی بھی اسلامی نظام اورعوام کی بات نہیں کر رہا۔ امیر جماعت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے پیکا آرڈی نینس کو کالعدم قرار دیئے جانے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور اسے صحافیوں کی جدوجہد کا ثمر قرار دیا۔ اس موقع پر امیر وسطی پنجاب جاوید قصوری، نائب امیر وسطی وقاص احمد بٹ، سینئر رہنما جماعت اسلامی احسان اللہ وقاص بھی موجود تھے ۔