لاہور،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،این این آئی،لیڈی رپورٹر،صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت سینئر پارٹی رہنمائوں کے اجلاس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ کورونا ریلیف فنڈز کی نگرانی، منصفانہ استعمال یقینی بنانے کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے ، وزیراعظم اور’’ وزیر صحت عمران خان ‘‘نے ہٹ دھرمی کرتے ہوئے پی ایم ڈی سی بحال نہ کرکے توہین عدالت کا ارتکاب کیا ہے ، وہ اس مسئلے پر سیاست کررہے ہیں جو افسوسناک اور قابل مذمت ہے ۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی نظر رکھے کہ بیرون ملک سے امداد اور دیگر کیا سامان آ رہا ہے ؟کیسے اور کہاں استعمال ہورہا ہے ؟حکومت عالمی وبا کے خلاف آنے والی امداد کو اپنے سیاسی مفادات کے لئے استعمال کر رہی ہے ۔ اجلاس نے سپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا کہ کورونا کے مسئلے کی وجہ سے درپیش موجودہ صورتحال میں مجلس قائمہ صحت کا فوری اجلاس طلب کریں۔اجلاس نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے پی ایم ڈی سی بحالی کے حکم کا خیرمقدم کرتے ہوئے قرار دیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ایک عرصے سے حکومت کو یہی گزارش کررہی تھی لیکن وزیراعظم جو وزیر صحت بھی ہیں، اس معاملے میں سیاست کررہے ہیں اجلاس نے قرار دیا کہ قوم کورونا سے لڑ رہی ہے ، عمران نیازی نے صحت کا سب سے بڑا ریگولیٹر پی ایم ڈی سی معطل کردیا۔ پی ایم ڈی سی نہ ہونے سے کوئی ڈاکٹر رجسٹر نہیں ہوسکتا ۔وڈیو لنک پر منعقدہ اجلاس میں سینٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ محمد ظفرالحق، قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ محمد آصف، پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، پارٹی سیکرٹری جنرل چوہدری احسن اقبال، پبلک اکاونٹس کمیٹی کے چئیرمین رانا تنویر، سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، سینیٹر پرویز رشید، مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا، مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام، پارٹی ترجمان مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی شزیٰ خواجہ اور پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل عطااﷲ تارڑ شریک ہوئے ۔ دریں اثنا شہبازشریف نے کہاہے کہ پنجاب میں تیزی سے کورونا کے مریضوں میں اضافہ کا فی الفور نوٹس کیاجائے ۔ اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ فوری اقدامات نہ ہوئے توپنجاب میں بالخصوص خدانخواستہ بڑی تباہی دیکھ رہا ہوں ۔انہوں نے کہاکہ عمران نیازی کا رویہ کورونا کے خلاف جنگ میں ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے ۔ ن لیگ کی مرکزی رہنما مریم نوازنے کورونا وائرس کیخلاف فرنٹ فٹ پر لڑنے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچانے سے بڑا ایثار اور قربانی آج تک انسانیت نے کبھی نہیں دیکھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت کی کورونا کے حوالے سے کوئی حکمت نہیں، پورے پاکستان میں کورونا کے خلاف یکساں رسپانس چاہئے انہوں نے کہا کہ وزرا اور حکومت کی کوآرڈینشن نہیں ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمان کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب اور حکومتی ترجمان جھوٹ بول کر اپنی نااہلی ، نالائقی اور مجرمانہ غفلت ماضی کے حکمرانوں پر نہیں ڈال سکتے ۔ ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ضلع ڈی جی خان میں نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے کٹس کی عدم دستیابی پر کام بند کردیا ہے ۔ایک طرف حکومت طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرہی ہے دوسری طرف طبی سہولیات فراہم کرنے میں غفلت کا مظاہرہ کرہی ہے ۔