لاہور، اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی، نامہ نگار) لاہور میں احتساب عدالت میں غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ کیس میں شریک ملزم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی جائیدادوں کا ریکارڈ پیش کردیا گیا ، عدالت نے کیس کی مزیدسماعت 5 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے کیس کے دیگر ملزمان میں ریفرنس کی نقول تقسیم کرنے کی ہدایت کردی، احتساب عدالت کے جج اسد علی نے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمن ،نواز شریف اور دیگر کے خلاف غیر قانونی پلاٹ الاٹمنٹ ریفرنس کی سماعت کی ، سپیشل پراسکیوٹر نیب حارث قریشی نے نواز شریف کی جائیدادوں کا ریکارڈ پیش کیا،ایف بی آر اور ایل ڈی اے کا ریکارڈ پیش کیا گیا، پراسیکیوٹر نے بتایا نواز شریف کی جائیداد قرقی کے لئے پراسس جاری ہے ۔ احتساب عدالت کے جج امجد نذیرچودھری نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اورسابق ڈی جی ایل ڈی اے احدخان چیمہ سمیت دیگر 13 ملزمان کے خلاف کیس کی سماعت22 دسمبر تک ملتوی کر تے ہوئے گواہوں کو دوبارہ ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے شہباز شریف خاندان سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیاہے ،فیصلے میں مزیدکہا گیا کہ جیل حکام نے شہبازشریف کو ہفتے میں چھ روز فزیو تھراپسٹ فراہم کرنے کی رپورٹ پیش کردی،مزید سماعت آج ہوگی، شہباز شریف اور حمزہ کو عدالت پیش کیا جائیگا۔ احتساب عدالت کے جواد الحسن نے پیراگون سٹی کیس میں نیب کی جانب سے خاتون گواہ اقصیٰ جبیں کی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتای جاری کر تے ہوئے سماعت 18دسمبر تک ملتوی کردی،ایم این اے خواجہ سعدرفیق اور ان کے بھائی ایم پی اے سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے ،نیب پراسیکیوٹر نے گواہ اقصی جبین کی عدم پیشی کی وجہ بتائی کہ گواہ اقصی جبیں کی فیملی میں شادی ہے ، فاضل جج نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل سسٹم ایسے نہیں چلتا، گواہ کو پیش کریں۔ عدالتی سماعت کے بعدخواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور جلسے کو تاریخی قرار دے دیا اور کہا اپنی پوری سیاسی تاریخ میں ایسا جلسہ نہیں دیکھا، جلسے کے حوالے سے میری گفتگو کو توڑ موڑ کر پیش کیا گیا۔ احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملوث سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ کے خلاف 5گوہواں کے بیانات قلمبند کرلئے ہیں، سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں ایل این جی ریفرنس کے پہلے گواہ کا بیان ریکارڈ کرلیا گیا ، جج اعظم خان نے سماعت کی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی عدالت کے روبرو پیش ہوئے ، نیب کے پہلے گواہ محمد حسن بھٹی نے پیٹرولیم ڈویژن کی سمریاں، ای سی سی فیصلوں کی کاپیاں پیش کیں ۔ احتساب عدالت اسلام آباد میں راجہ پرویز اشرف کیخلاف رینٹل پاور،ریشما اور گلف رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت چار جنوری تک ملتوی کر دی گئی ، وکیل صفائی نے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر دلائل کیلئے وقت دینے کی استدعا کی ، عدالت نے استدعا منظور کرلی۔