لاہور(انور حسین سمرائ) تحریک انصاف چھینہ گروپ کے سربراہ غضنفر عباس چھینہ نے کہا ہے کہ ہم اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہیں کہ ہم نواز لیگ کے گروپ کے امیدوار برائے وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز کی حمایت کررہے ہیں۔ روزنامہ 92نیوزکے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے غضنفر عباس چھینہ نے کہا کہ ان کا گروپ 14ممبران صوبائی اسمبلی پر مشتمل ہے اور تمام کے تمام پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے اور ان کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گروپ کا نام سپرمیسی آف پارلیمنٹ ہے اور ہم عمران خان کے نامزد امیدوار برائے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی حمایت بھی کرتے ہیں اور ووٹ بھی دیں گے ۔ ہمارا کوئی بھی ممبر اسمبلی ن لیگ کے ساتھ ہے اور نہ ہی ہم نے کوئی ملاقات کی ۔ ہم ووٹنگ والے دن پی ٹی آئی گروپ کے امیدوار کو ووٹ دیں گے ۔ ہمارا گروپ پہلے دن سے موجود تھا اور ہم پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر ہمارے بارے میں افواہیں پھیلا رہے ہیں جن میں کوئی حقیقت ہے اور نہ ہی ہمارے کسی ممبر نے گزشتہ دنوں ن لیگ کے علامتی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے اپنے ممبران کی لسٹ فراہم کی جس کے مطابق عامر عنایت شاہانی ،علی رضا خان خاکوانی ،اعجاز سلطان بندیشہ ،محمد احسن جہانگیر،گلریز افضل گوندل ،خواجہ داو د سلیمانی ،سردار محی الدین کھوسہ ،غضنفرعباس شاہ ،غضنفر عباس چھینہ ،تیمور علی لالی،سردار شہاب الدین سہڑ،فیصل فاروق چیمہ ،اعجاز خان اور غلام علی اصغر خان لہری شامل ہیں۔