مکرمی !بیروزگاری، اوپر سے بڑھتی ہوئی مہنگائی نے لوگوں کو بے حال کر دیا ہے۔ عوام کو نچوڑ کر رکھ دیا ہے۔کل تک ڈپریشن کو خاموش موت کہاجاتا تھالیکن آج ڈپریشن کے مرض کا بھی مہنگائی سے ستائے ہوئے افراد ہی شکار ہو رہے ہیں۔ اشیاء خور ونوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے غریب کے منہ سے نوالا تک چھین لیا ہے ۔پٹرول ، بِلوں کی قیمتیں اور بڑھتی ہوئی اشیائے خور ونوش کی قیمتوں نے عوام کی مشکلات کو بڑھا دیاہے۔ ہمارے حکمران خود تو سرکاری پیسوں پر عیاشی کر رہے ہیں، پوری دلیری سے ملک کو لوٹ رہے ہیںاور سارا بوجھ عوام پر ڈال دیا ہے جس کو چاہ کربھی عوام کم نہیں کر سکتے۔ بڑھتے ہوئے اس مہنگائی کے سیلاب نے عوام کے ساتھ ساتھ ملکی محصولات کو بھی سخت زک پہنچائی ہے۔ حکومت کو فی الفور مہنگائی پر قابو پانا چاہیے ورنہ ملک کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں اور یہ بھی ممکن ہے کہ اس کی وجہ سے امن عامہ کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر جائے، لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ حالات کو سنجیدگی سے کنٹرول کیا جائے۔(اُم حبیبہ حارث، لاہور)