لاہور(سٹاف رپورٹر)تحریک لبیک کے مرکزی امیر علامہ خادم رضوی نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان کے تمام 566 امیدواربہترین انتخابی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ،25 جولائی کو پاکستانی سیاست کا دھارا بدل دیں گے ، نظام مصطفی کا نفاذ ہی تمام مشکلات و مسائل کا حل ہے ۔تحریک لبیک پاکستان کے امیر علامہ خادم رضوی انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے کہا کہ ملک بھر سے قومی و صوبائی کے 566 امیدواران کھڑے کئے گئے ہیں، جس میں 265 پنجاب اسمبلی کی نشستوں کے لئے میدان میں اتارے گئے ،ان امیدواران کا انتخاب مختلف شعبہ ہائے زندگی سے کیا گیا ہے ، جن میں مردو خواتین دونوں شامل ہیں، اپنے زور و بازو پر ایسی کامیابی حاصل کریں گے کہ پاکستانی سیاست کا دھارا بدل جائے گااور بڑے بڑے سیاسی پنڈت حیران رہ جائیں گے ، پوری دنیا تحریک لبیک کی سیاسی قوت مانے گی، عوام ہمارا ساتھ دیں ہم پاکستان کو غربت و افلاس ، دہشت گردی اور بیرونی قرضوں سے نجات دلائیں گے ۔