اسلام آباد،لاہور،کراچی(وقائع نگار خصوصی، کامرس رپورٹر) الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے الیکشن کمیشن کے 4رکنی بنچ کے سامنے آج پیش ہونے کی ہدایات کی ہیں ۔ کمیشن نے یہ نوٹس مختلف اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے بعد لیا ، کمیشن نے دو میڈیا گروپس کے اسلام آباد میں بیوروچیفس کو بھی طلب کر لیا ۔ کمیشن آج ملی مسلم لیگ کے حمایت یافتہ اور اﷲ اکبر تحریک کے نامزد امیدوار چودھری سعید احمد گجر کے خلاف از خود نوٹس کی سماعت بھی کر یگی ۔الیکشن کمیشن مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ایاز صادق اور پرویز خٹک کو بھی نوٹس جاری کرنے پر غور شروع کردیا ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بلاول بھٹو زرداری کو آج فیصل آباد میں کار ریلی نکالنے سے روکتے ہوئے پارٹی کے قومی اور صوبائی امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیا اور کہا کہ کار ریلی کا انعقاد الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے ۔الیکشن کمیشن نے پی ایس 24 سے ایم ایم اے کے امیدوار زیبر حفیظ پر 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ ادھر الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشن کی تفصیلات 8300 پر اپ ڈیٹ کردی ہیں۔ اب ووٹرز 8300 پر شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کر کے اپنا پولنگ سٹیشن معلوم کر سکیں گے ۔دوسری جانب عام انتخابات 2018کے نتائج کی ترسیل کیلئے نادرا کی ٹیمیں تمام اضلاع میں پہنچ گئی ہیں ،آر ٹی ایس سسٹم کے ذریعے پریذائیڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران انتخابی نتائج فوری طور پر ریٹرننگ افسران اور الیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے ۔کیپٹن (ر) صفدر کی نااہلی کے بعد این اے 14سے ن لیگ کے امیدوار اورکیپٹن صفدرکے بھائی محمدسجاد کوشیرکانشان الاٹ کردیاگیا۔جبکہ مانسہرہ پی کے 33سے کیپٹن صفدرکے کورنگ امیدوارعلی محمدتنولی کوبھی ن لیگ کا انتخابی نشان شیرالاٹ ہوگیا۔ادھر الیکشن کمیشن نے پنجاب کے سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنز میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔ 20 جولائی تک تمام اضلاع میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کرلی جائیگی ۔الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کیلئے الرٹ جاری کردیا ۔ امیدوارپولنگ سے 48گھنٹے قبل انتخابی مہم ختم کرنے کے پابندہیں۔ پنجاب بھر کے قومی و صوبائی حلقوں میں بیلٹ پیپر کی ترسیل جا رہی ہے ۔لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کے 36حلقوں پر بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل مکمل ہوگیا ہے جبکہ حلقہ این اے 126,130اور پی پی 145,154,156,164,157اورپی پی 171کے بیلٹ پیپرز کیسز عدالتوں میں ہونے کے باعث ابھی تک چھاپے نہیںگئے ۔