اسلام آباد (سپیشل رپورٹر؍ این این آئی )امریکی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے وزیراعظم کے معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود سے ملاقات کی ہے ۔ندیم بابر نے کہا پاکستان توانائی کے شعبے میں امریکی ٹیکنالوجی، تجربے اور مہارت سے مستفید ہوسکتا ہے ۔ ایلس ویلز نے کہا مستقبل میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا امریکہ قابل تجدید توانائی کے شعبے کی ترقی میں پاکستان سے تعاون کرے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایلس ویلز، سیکرٹری خارجہ ملاقات میں اقتصادی شراکت داری اور سیاسی امور سمیت دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔سیکرٹری خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر امریکی وفد کو آگاہ کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا گیا ۔سیکرٹری خارجہ نے امریکی وفد کو وزیر خارجہ کے حالیہ دورۂ ایران سعودی عرب اور امریکہ کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا پاکستان خطے میں قیامِ امن اور کشیدگی میں کمی کے لئے کردار ادا کرتا رہے گا۔