لاہور، اسلام آباد(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر) نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے 88افسروں اور اہلکاروں کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔این ایچ اے کے اعلامیہ کے مطابق جن افسروں اور اہلکاروں کو تبدیل کیا گیا ہے ہے وہ عرصہ دراز سے ایک ہی شعبہ میں اپنے فرائض منصبی انجام دے رہے تھے ۔علاوہ ازیں پنجاب حکومت نے 3 ڈپٹی چیف نرسنگ کو گریڈ 20میں ترقی دیدی جبکہ لاہور کے دو ہسپتالوں کے ایم ایس کی خالی سیٹ پر عارضی ایم ایس کی تعینات کر دی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے تین ڈپٹی چیف نرسنگ کو گریڈ 20میں ترقی دے دی ہے اور تسلیم کوثر کو چودھری پرویز الٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ میو ہسپتال ، نسرین بٹ کو پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال اور تسنیم کوثر پرنسپل کالج آف نرسنگ ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی سے پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ کالج آف نرسنگ لاہور تعینات کر دیا ۔ڈاکٹر محمودالحسن کو ایم ایس لیڈی ولنگڈن اور ڈاکٹر آسیہ یوسف کو ایم ایس لیڈی ایچی سن ہسپتال کا عارضی چارج سونپا گیا ، ڈاکٹر فرخ سلطان کو ایم ایس پی آئی سی کا عارضی چارج سونپا گیا ہے ۔چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ میو ہسپتال تسلیم کوثر کو پرنسپل کالج آف نرسنگ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی تعینا ت کر دیا گیا ۔ محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے ڈاکٹر وسیم احمد کو چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولنگر کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے محکمہ رپورٹ کرنے کا حکم دیا ہے ۔ ڈاکٹر شاہد سلیم کو چیف ایگزیکٹو بہاولنگرتعینات کر دیا ۔