اسلام آباد(92نیوزرپورٹ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میڈیا کی آزادی کا لیکچر تو خوب دیتے ہیں لیکن زمینی حقائق اس کے منافی ہیں۔ ان کی موجودگی میں صحافیوں سے بدتمیزی معمول بن گیا ۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے خطاب کے موقع پر جب پی پی چیئرمین آرہے تھے تو ان کے سکیورٹی سٹاف نے 92نیوز کے رپورٹر سے ان کا فون چھین لیا۔ اس حوالے سے سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے رانا عظیم نے بتایا کہ بلاول بھٹو کے سکیورٹی سٹاف نے ایسا پہلی بار نہیں کیا ،آصف زردار ی کی پیشی کے موقع پر صحافیوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا، یہ سارا معاملہ ان کی موجودگی میں ہوا، پی پی کے دیگر رہنما بھی اس موقع پرموجود تھے ، بلاول بھٹو کو چاہئے تھاکہ وہ ایسے سٹاف کو ڈانٹتے لیکن انہوں نے اپنے سکیورٹی سٹاف کو کچھ نہیں کہا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ لوگ اپوزیشن میں رہ کر آزادی صحافت کی بات کرتے ہیں لیکن جب ان پر بات آتی ہے تو یہ مختلف ہوتے ہیں، پی پی قیادت کو اس کا جواب دینا پڑے گا، یہ 92نیوزکے رپورٹر نہیں بلکہ آزادی صحافت پر حملہ ہے جس کے خلاف سخت احتجاج کرینگے ۔