اسلام آباد(خبر نگار خصوصی؍ اے پی پی) وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نجی شعبے کو ترقیاتی عمل میں بھرپور طریقے سے شامل کرنے اور ان کو موافق فضا کی فراہمی کے لئے مکمل طور پر پر عزم ہے ، بیرون اور اندرون ملک سرمایہ کاروں کو آسانیاں فراہم کرنے کے لئے سرمایہ کاری بورڈ کو متحرک کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنی زیر صدارت اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں خصوصاً نجی شعبے کی شراکت سے اب تک پایہ تکمیل تک پہنچنے والے مختلف منصوبوں، متعدد شعبوں میں زیر تکمیل اور جلد مکمل ہونے والے منصوبوں کے حوالے سے دی گئی بریفنگ کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی شمولیت کے حوالے سے بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت تقریبا ً 50 منصوبوں پر کام مختلف مراحل پر ہے ،ان منصوبوں کی کل مالیت تقریبا دو ہزار ارب روپے ہے ،ان میں سے تقریبا 35 منظوری کے قریب ہیں۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ 14 منصوبے جن کی مالیت978ارب ہے ،آئندہ تین ماہ میں منظور ہو جائیں گے جبکہ 1016 ارب مالیت کے 18 منصوبے مالی سال 2021-22 میں ایوارڈ کئے جائیں گے ۔ عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی ضروریات کے پیش نظر ترقیاتی عمل میں نجی شعبے کی بھرپور شراکت وقت کی اہم ضرورت ہے ۔وزیرِ اعظم نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ فیڈرل اور صوبائی ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی پیش رفت رپورٹ ، مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کی تقسیم اور ان پر اب تک کی پیش رفت کی تمام تر تفصیلات پیش کی جائیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے حفاظتی لباس پہن کر گزشتہ شام پمز ہسپتال کا اچانک دورہ کیا، کورونا وارڈ میں گئے ، مریضوں کی عیادت دی۔ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نے وزیراعظم کو کورونا مریضوں کی تعداد اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے مریضوں کے علاج کے لئے تمام تر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔وزیر اعظم نے کہا عوام کو ایس او پیز کا خیال رکھنا چاہئے ، تیسری لہر خطرناک ہے ۔