امرتسر ( نیٹ نیوز) خاکروبہ کے بیٹے نے وزیراعلیٰ بھارتی پنجاب کو ہرادیا، عام آدمی پارٹی کے لابھ سنگھ اگوکے نے پنجاب کے موجودہ وزیرِ اعلیٰ چرن جیت سنگھ چنی کو شکست دیکر بڑا اپ سیٹ کردیا۔ لابھ سنگھ اگوکے نے وزیراعلیٰ چرن جیت سنگھ کو بدھوڑ کی نشست پر شکست دی ۔ 35 سالہ لابھ سنگھ اگوکے بدھوڑ سے عام آدمی پارٹی کے امیدوار تھے ۔ لابھ سنگھ بدھوڑ کے علاقے اگوکے گاؤں سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ ایک موبائل فون شاپ پر کام کرتے تھے ۔ لابھ سنگھ کے والد کھیتوں میں مزدوری کرتے ہیں اور ان کی والدہ گاؤں کے سرکاری سکول میں صفائی کا کام کرتی ہیں۔ اگوکے نے 2013 میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ لابھ سنگھ نے نے 2017 کے انتخابات میں پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار پرمل سنگھ خالصہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیا تھا۔