لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ خسرے کے خطرے سے نمٹنے کیلئے محکمہ صحت نے جامع پلان مرتب کیا ہے اور 15 سے 27 اکتوبر تک صوبہ بھر میں ایک مہم کے دوران ایک کروڑ 90لاکھ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے ۔ڈ اکٹر حامد مرزا کی سربراہی میں عالمی ادارہ صحت کے ذیلی ادارے گاوی (GAVI) کے وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ 12روزہ مہم کے دوران حساس علاقوں اور کچی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ 15ہزار ٹیمیں 6 سے 7سال عمر کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گی۔ انہوں نے والدین ، اساتذہ، سول سوسائٹی اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ قومی نوعیت کے اس پروگرام میں حکومت کا ہاتھ بٹائیں۔میں خود بھی مہم کے دوران مختلف اضلاع کا دورہ کروں گی اور محکمہ صحت کے افسر بھی ٹیموں کی سپاٹ چیکنگ کریں گے ۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد نے وفد کو محکمہ صحت کے مختلف پروگراموں پر بریفنگ دی۔ ڈاکٹر حامد مرزا نے محکمہ صحت کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ انسداد خسرہ مہم میں ’’گاوی‘‘ اور عالمی ادارہ صحت کی دیگر تنظیمیں مکمل تعاون کررہی ہیں۔