چکدرہ،لاہور (نمائندہ92 نیوز،سٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی کے مرکزی امیرسینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 25جولائی کے بعد صوبے میں ایم ایم اے حکومت بنائے گی ،صوبے میں پی ٹی آئی حکومت کی ناقص کار کردگی سب عیاں ہے ، متحدہ مجلس عمل ممبرومہراب کی امین مذہبی جماعتوں کااتحاد ہے ، اقتدارمیں آکر ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے ، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی باریوں کا سلسلہ ختم ہونا چاہئے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چکدرہ میں ایم ایم اے کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔سراج الحق نے کہا کہ مذہبی جماعتوں کا اتحاد مسلم لیگ ،پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی صورت میں موجود کرپٹ سیاست کاخاتمہ کرے گی،پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی باریوں کے بعد تمام کرپٹ سیاستدان پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے جمع ہوگئے ہیں ،۔ انہوں نے عوام پر زوردیاکہ کرپٹ اور آزمودہ نااہل سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں میں آنے کے بجائے ایم ایم اے پر اعتماد کرکے اقتدار صالح قیادت کے سپرد کریں۔دیر اور باڑا میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستانی قوم مغرب اور امریکہ کے آلہ کاروں کو اپنی گردنوں پر سوار نہیں ہونے دے گی ۔ ایم ایم اے کی کامیابی صرف پاکستان کے لیے نہیں ، پوری امت کے لیے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوے فیصد پاکستانی ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں ۔