اسلام آباد (لیڈی رپورٹر) اسلام آباد ہائی کورٹ نے غیر ملکی فنڈنگ کیس میںتحریک انصاف سے مزید دستاویزات طلب کر لی ہیں۔ عدالت نے پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر کے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل بننے کا نوٹیفکیشن بھی طلب کر لیا ۔ تحریک انصاف کی غیرملکی فنڈنگ کی جانچ پڑتال کرنیوالی خصوصی کمیٹی کو کام سے روکنے کیلئے دائر درخواست کی سماعت گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی نے کی۔درخواست گزارکے وکیل شاہ خاور نے موقف اختیار کیا کہ وکیل ثقلین حیدر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل بننے سے پہلے ہمارے وکیل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے آرڈر میں قانون کی غلط تشریح کی ۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل صرف ریاست کیخلاف کیس میں بطور پرائیویٹ وکیل پیش نہیں ہو سکتے ۔ عدالت نے سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔ فنڈنگ کی جانچ پڑتال کرنے والی خصوصی کمیٹی کو کام سے روکنے پر بحث آئندہ سماعت پر ہو گی۔