رائے ونڈ (نامہ نگار) مسلم لیگی ایم پی اے کرنل(ر) رانا محمد طارق نے مذہب اور عقیدے کی بنیاد پر ظلم کے شکار افراد کے عالمی دن کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ سفاک مودی سرکار تمام کشمیریوں کو ستم کا نشانہ بنانے کی تیاریوں میں ہے ،کشمیریوں کو ان کے بنیادی حقوق اور آزادی سے محروم رکھا جا رہا ہے ، بھارتی فوج نے کشمیریوں کو عیدالضحیٰ سمیت مذہبی عبادات نہیں ادا کرنے دیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ دنیا مقبوضہ کشمیر میں متوقع نسل کشی کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کی جانب بڑھ رہا ہے ، دنیا کو اسے روکنا ہو گا۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں عوامی مزاحمت کی کال کو ناکام بنانے کے لیے قتل عام کے منصوبے بنا رہا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں صورتحال بہت بگڑ چکی ہے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں 19 روز سے کرفیو نافذ ہے ، وہاں انٹرنیٹ سمیت ذرائع ابلاغ مکمل طور پر بند ہیں، ہم کشمیریوں کی جسمانی اور ذہنی اذیت کا اندازہ نہیں لگا سکتے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیرکی آزادی کیلئے اپنے خون کے آخری قطرے کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔