لاہور(کامرس رپورٹر، نمائندہ خصوصی سے) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کا 29واں اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال ، مشیر وزیر اعلیٰ برائے مالی و ترقیاتی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، سیکرٹری ٹو سی ایم افتخار سہو، چیف سیکرٹری اعظم سلیمان ، سیکرٹری فنانس عبداﷲ سنبل، سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ عمران سکندر اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی ۔سٹینڈنگ کمیٹی میں قائد اعظم میموریل فنڈ کی بحالی کے لیے 20 ملین روپے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب گورنمنٹ سرونٹ ہاوسنگ فاونڈیشن کی جانب سے سیالکوٹ سکیم میں بجلی کی فراہمی کے لیے گیپکو کو منتقل کردہ اراضی پر صوبائی ٹیکسوں کا خاتمہ کیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی خان میں سینٹری سسٹم کی مرمت اور میٹرو پولیٹن کی واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے لیے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی گئی۔ مزید فیصلہ کیا گیا کہ ماسوائے ہنگامی حالات کے محکمے کی جانب سے تحریری احکامات کے بغیر کوئی اشتہاری مہم نہیں چلائی جائے گی ۔