سیالکوٹ ( ڈسٹرکٹ رپورٹر)ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے الیکشن2018 کے لیے ایمرجنسی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے تمام ریسکیوسٹاف کی چھٹیا ں منسوخ کر دیں۔ ریسکیو1122سیالکوٹ آفس میں جنرل الیکشن 2018کے حوالے سے اجلاس ہوا جسکی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سیدکامل عابد نے کی۔اجلاس میں ضلع سیالکوٹ کے تمام سینیئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی جانب سے جنرل الیکشن کے ایمرجنسی پلان پر بریفنگ دی گئی اورتمام انتظامات کا جائزہ لیا گیا،بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122سیالکوٹ کی ایمبولینسز ،فائر وہیکلزالیکشن پر ایمرجنسی میں مدد کے لیے ہائی الرٹ رہیں گی۔ اس سلسلے میں تحصیل سطح پرسمبڑیال اور ڈسکہ ریسکیو موبائل پوسٹیں قائم کی جائیں گی جبکہ پسرور میں موجود ریسکیو عملہ پسرور اور اس کے گردونواح میں قائم پولنگ اسٹیشنز کو ایمرجنسی کوور فراہم کریں گے ۔اسکے علاوہ ایک ریسکیور اور 3ریسکیو محافظین پر مشتمل دس ریسکیوموبائل ٹیمیں ڈسکہ، سمبڑیال، مراکیوال ،کوبے چک ،ملکے کلاں،گوہد پور اور دھارووال کے پولینگ سٹیشنز پر تعینات کی جائیں گی۔