اسلام آباد؍ پشاور(سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ) 2018کے سینٹ انتخابات میں ایم پی ایزکی مبینہ خریدوفروخت کی ویڈیو سامنے آگئی۔ ویڈیو میں پی ٹی آئی،پیپلزپارٹی اورقومی وطن پارٹی کے ایم پی ایز نوٹوں کے بنڈل گن رہے ہیں۔ویڈیومیں پی ٹی آئی کے 3سابق ایم پی ایز،قومی وطن پارٹی کے 2اورپیپلزپارٹی کاایک رکن موجودہے ۔مبینہ ویڈیومیں قومی وطن پارٹی کے 2سابق ایم پی ایزسلطان محمداور معراج ہمایوں بھی نظرآرہے ہیں۔سلطان محمدخان خیبرپختونخواحکومت کے موجودہ وزیرقانون ہیں۔سلطان محمد2018میں قومی وطن پارٹی کے رکن تھے ،انتخابات سے قبل پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ۔پیپلزپارٹی کے سابق پارلیمانی لیڈرمحمدعلی شاہ باچابھی ویڈیومیں نمایاں ہیں۔ویڈیومیں نامعلوم شخص ارکان اسمبلی کے ساتھ سوداکرتے دیکھاجاسکتاہے ،ارکان اسمبلی کوپیسے لیتے دیکھاجاسکتاہے ۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خا ن نے وزیرقانون سلطان محمد سے استعفیٰ طلب کرتے ہوئے لیک ویڈیو کی شفاف تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکوتحقیقات کے لئے احکامات جاری کئے تھے ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے بھی اپنے ٹویٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ کوانکوائری کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔اس حوالے سے 92نیوزسے گفتگوکرتے ہوئے وفاقی وزیرفوادچودھری نے کہا آنیوالے دنوں میں شفافیت ہماری آئینی ترمیم سے ہی آسکتی ہے ،ہم چاہتے ہیں ووٹوں کی خردیدوفروخت بندہو،آئینی ترمیم ہم اکتوبر2020سے لائے ہوئے ہیں،تحریک انصاف اورعمران خان جوکرسکتے تھے ، وہ کررہے ہیں،اب اداروں نے اپناکرداراداکرناہے ۔ بعدازاں سلطان محمد نے استعفیٰ دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ویڈیو سامنے آنے پر اخلاقی طور پر مستعفی ہورہا ہوں۔