پشاور(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے منگل کو بی آر ٹی، پشاور میں سفر کیا اس دورا ن صدر مملکت نے بس میں موجود افراد سے گفتگو کی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق انتظامات کے بارے میں دریافت کیا،لوگوں نے BRT کی سروس پر اطمینان کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ملک کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سہولت دینے کیلئے ایران اور افغانستان کی سرحدوں کے ساتھ منڈیاں قائم کر رہا ہے ، ،کاروبارمیں آسانی کیلئے اصلاحات جاری ہیں، تاجر برادری ٹیکس ادا کرنے کی ترغیب دینے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرے ،۔ پشاور میں سرحد ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا حکومت تاجر برادری کی سہولت کیلئے ٹیکس کے نظام میں متعدد اصلاحات پر کام کر رہی ہے ، حکومت نے کورونا وائرس کی مشکل گھڑی کے دوران تاجر برادری کو گیارہ سو ارب روپے چھوٹ دی ہے ۔صدر نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں امن کے خیبر پختونخوا خصوصا قبائلی اضلاع میں مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔انہوں نے افغانستان اور وسطی ایشیائی ملکوں کے ساتھ کاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے مناسب طریقہ کار کی ضرورت پر زور دیا۔