لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہورہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے ضلعی اور تحصیل ہسپتالوں میں بھرتی ہونیوالے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی مستقلی کیلئے دائر درخواست پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جوادحسن نے عبدالباسط سمیت 206 الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی درخواستوں پر سماعت کی۔درخواستگزاروں کی جانب سے ملک سلیم اقبال اعوان ایڈووکیٹ نے پیش ہوکر سیکرٹری پرائمری اینڈ ہیلتھ سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ سابقہ حکومت نے 2017 میں درخواست گزاروں کو ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں کنٹریکٹ پر بھرتی کیا۔ درخواستگزاروں کوگریڈ17 میں الائیڈہیلتھ پروفیشنلزکے عہدہ پربھرتی کیاگیا۔دو سال گزرنے کے باوجودان کو مستقل نہیں کیاگیا۔ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل پنجاب نے درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہاکہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلزکے عہدوں پرنئی بھر تیاں کریں گے ۔درخواستگزاروں کو کنٹریکٹ پر بھرتی کیا گیاتھا۔ان کی درخواست قابل سماعت نہیں، مسترد کی جائے ۔عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔