لاہور (سٹاف رپورٹر) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان اور ایم ایم اے کے رہنما امیر العظیم نے کہاہے کہ جو کہتے تھے کہ ہم ہی نہیں ، ہماری آنے والی نسلیں بھی حکومت کریں گی ، وہ آج اﷲ کی پکڑ میں ہیں ۔ 25 جولائی کو ایم ایم اے کا سورج پوری آب و تاب سے چمکے گا اور ملک و قوم کے مجرموں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔ متحدہ مجلس عمل لٹیروں سے قوم کی ایک ایک پائی وصول کر کے عوام کو تعلیم ،صحت اور نوجوانوں کو روزگار کی سہولتیں دے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کارنر میٹنگز سے ذکر اﷲ مجاہد ، عبدالعزیز عابد ، چوہدری عبدالواحد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر شوکت پراچہ اور عبدالماجد بھی موجود تھے ۔امیر العظیم نے کہاکہ سیکولر اور لبرل جماعتوں کی اصل متبادل متحدہ مجلس عمل ہے جس طرح پیپلز پارٹی اور ن لیگ چار عشرے حکومت کرنے کے بعد بھی عوام کو کچھ نہیں دے سکیں اسی طرح تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھی ناکامی سے دوچار ہونے والے ہیں ۔ دریں اثناء ذکر اﷲ مجاہد نے این اے 135پی پی 173 میں انجمن رفاع عامہ منصورہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام 25 جولائی کو ملک سے سیاسی و معاشی دہشتگردوں کا ووٹ کی طاقت سے خاتمہ کرے ۔ پاکستانی قوم تمام تر وابستگیوں سے بالا تر ہو کر ایم ایم اے کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دے اور ملک کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے میں اپنا کر دار ادار کرے ۔ جب تک ملک سے چوروں ،لیٹروں اور خاندانی سیاست کرنے والوں کا خاتمہ نہیں ہو گا اس وقت تک ملک وقوم کے ساتھ آنے والی نسلیں قرضوں اور بے روزگاری اور بے پناہ مسائل کی دلدل میں دھنس جائے گی۔