لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے وزیراعظم نے تو ایک پیرائے میں بات کی کیونکہ میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا نوازشریف کو علاج کیلئے باہر جانے دیاجائے ،ہم یہ توقع کرتے ہیں میاں نوازشریف علاج کرائیں اورانشاللہ ٹھیک ہوکرواپس آکراپنے مقدمات کا سامنا کریں، میڈیکل رپورٹس کی بنیادپر ہی فیصلہ کیاگیا، 92 نیوز کے پروگرام 92 ایٹ 8 میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف جب لندن جاتے ہیں اوران کی تصاویر جاری ہوئیں ہم نے تو نہیں کیں ، زردار ی کو تمام طبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں ، عدالت انہیں جانے دیتی ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے نوازشریف جہاز کی سیڑھیاں نہیں چڑھے انہیں ایمبو لفٹر کے ذریعے جہاز تک پہنچایا گیا،وفاقی حکومت انکوائری کرالے اورایوی ایشن سے پوچھ لے کہ نوازشریف کو لے جانے والا جہاز کون ساتھا، 14رکنی میڈیکل بورڈ پنجاب حکومت نے بنایاجس میں شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر فیصل بھی تھے ، جنہوں نے میری موجودگی میں رپورٹ کو چیک اورنوازشریف سے ملاقات کی ، مجھے لگتا ہے ایک میڈیکل بورڈ عمران خان کی ذہنی کیفیت کوچیک کرنے کیلئے بناناپڑے گا،اس حکومت میں کرپشن کا ریٹ 200 فیصد بڑھ گیا ، پیپلزپارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عمران خان ابھی تک اپوزیشن میں ہیں انہوں نے عدلیہ کوبھی نشانہ بنایا جس کے جواب میں چیف جسٹس نے بڑی خوبصورتی سے جواب دیا ، عمران خان کو گورننس کا ادراک ہے نہ وہ کرنا چاہتے ہیں ، زرداری واقعی بیمارہیں ان کو دل کاعارضہ ہے لیکن ہم مظلومیت کا کارڈ استعمال نہیں کرینگے ، میں نے درخواست ضمانت تیار کی ہوئی ہے لیکن زرداری صاحب اجازت نہیں دے رہے ۔