اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے جدید علوم میں اعلیٰ تعلیم کلیدی حیثیت رکھتی ہے ،وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اپنی زیر صدارت اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ 16.69 ارب روپے مالیت کے منصوبے کے لئے ایکنک منظور ی دے چکی ہے ۔سیالکوٹ انجینئرنگ یونیورسٹی وفاق اور حکومت پنجاب مشترکہ طور پر قائم کرے گی۔وزیراعظم سے ڈاکٹر عشرت حسین نے الوداعی ملاقات کی ۔ملاقات میں ڈاکٹر عشرت حسین نے وزیرِ اعظم کو دو جلدوں پر مبنی ادارہ جاتی اصلاحات پر کارکردگی رپورٹ پیش کی۔وزیراعظم نے ڈاکٹر عشرت حسین کی خدمات کو سراہا اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم سے وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام نے بھی ملاقات کی۔وزیراعظم سے وزیر ہوابازی غلام سرور خان ،وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ بھی ملے ۔ عمران خان نے کہا حکومت زرعی شعبے میں جدت لانے کیلئے ایگریکلچرل ٹرانفارمیشن پلان کے نفاذ کو یقینی بنا رہی ہے ، پاکستان کو غذائی پیداوار میں خود کفیل بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔وزیراعظم نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا افتتاح کردیا،طارق ملک اور نادرا ٹیم کی طرف سے زبردست اقدام ہے ،خاص طورپر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنے میں ایک انقلابی قدم ہے ، درخواستگزار موبائل فون کا استعمال کرتے ہوئے فنگر پرنٹ ، تصویر اور دستاویزات حاصل کر سکتے ہیں۔دریں اثنا وزیر اعظم آج مستحق گھرانوں کے لئے احساس تعلیمی وظائف پروگرام کا اجراء کریں گے ۔