واشنگٹن(این این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ علاقائی اوربین الاقوامی مسائل پر کام کرنے کے متمنی ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ محفوظ، مستحکم اور خوشحال افغانستان کے لیے امریکا پاکستان کو اہم شراکت دار اور اہم ساتھی کی نظر سے دیکھتا ہے ۔ افغانستان پر پاکستان کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں اور کرتے رہیں گے ۔ خصوصا ایسے افغانستان کے لیے جو اپنے شہریوں بشمول اقلیتوں، خواتین اور بچیوں کے بنیادی حقوق کی عزت کرے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تقریبا 75 برس سے پاکستان کے ساتھ ہمارا تعلق اہم رہا ہے ، مل کر کام کرنے سے پاکستان اور خطے میں امن و خوشحالی ممکن ہے ۔