لاہور،کراچی،پشاور (جنرل رپورٹر،خبر نگار،نمائندہ 92نیوز)پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کل 152کنفرم مریض زیر علاج ہیں۔گزشتہ 24گھنٹوں میں پنجاب میں 27نئے مریض سامنے آئے جبکہ 19مریض ڈسچارج ہوئے ۔راولپنڈی 24،ملتان میں 2کیس سامنے آئے ۔صوبہ بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 3مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔گزشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 52046ان ڈور اور13248آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ258مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔گزشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی پر231افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ2مقامات کو سیل کیا گیا۔ادھر کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرگئی،ترجمان انسداد ڈینگی کنٹرول پروگرام کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے 252 افراد متاثر ہوئے جس کے بعد شہر میں اب تک ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 ہزار 999 ہوگئی ہے ۔علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں موسم سردہونے کے باوجود بھی ڈینگی مچھروں کے وار تھم نہ سکے ، 48گھنٹوں کے دوران 49افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہو ئی ہے جس سے صوبہ بھر میں ڈینگی وائرس سے متاثر ہ افراد کی تعداد 6ہزار917تک پہنچ گئی۔