لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) تحریک انصاف کے لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ شو باز کی پھولی سانسیں اُن کے تاریک مستقبل کی خبر دے رہی ہیں ، شہباز شریف جس عوام کو بے وقوف بنانے کی اداکاری کرتے ہیں گزشتہ 10برس انہی کو اپنے ظلم و ستم کا شکار بنایا اور اُن کے منہ سے روٹی کے نوالے چھین کر رائیونڈ کی سڑکیں پکی اور جاتی امراء کی راہداریاں سنواریں ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ بڑے میاں اڈیالہ پہنچ چکے اب چھوٹے میاں کی باری ہے ،25جولائی کو نواز لیگ کو ناکوں چنے چبوائیں گے اور شعبدہ بازی کی سیاست ہمیشہ کیلئے اپنے انجام کو پہنچ جائے گی ، این اے 129اور پی پی158میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت نے کرپٹ مافیا پر لرزا طاری کر دیا ہے ،شریفوں کے بعد اب بلاول کو بھی ڈراؤنے خواب نظر آنے لگے ہیں۔ اور ایک بار پھر انہیں میثاق جمہوریت کی یاد ستانے لگی ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام سرکاری پیسے کی لوٹ مار کرنے اور بیرون ملک اثاثے بنانے والوں کو کبھی دوبارہ موقع نہیں دیں گے اور انشاء اﷲ25جولائی کو عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے ۔