اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید41افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد12658ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1050نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد573384ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد24483ہو گئی،1616مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل536243صحتیاب ہو چکے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید29مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ529نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5237ہوگئی ۔ لاہورمیں 273، اوکاڑہ 27،قصور 4،راولپنڈی 51، گوجرانوالہ 10 ،سیالکوٹ 16، گجرات 42 ،ملتان 6 ، فیصل آبادمیں18کیسز رپورٹ ہوئے ۔ پنجاب کے سیکرٹری اوقاف راجہ خرم شہزاد عمر اور سیکرٹری انرجی محمد عامر جان بھی کورونامیں مبتلا ہو گئے اور گھرپرقرنطینہ اختیار کرلیا۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 133455 کورونا مریض صحتیاب ہوکر گھر وں کو جا چکے ۔ دنیا بھرمیں ہلاکتیں24لاکھ90ہزارسے زائد ہو گئیں۔عمان نے کورونا وائرس کی صوتحال کے پیش نظر پروازیں 15 روز کیلئے معطل کرتے ہوئے 10 ممالک سوڈان، لبنان، جنوبی افریقہ، برازیل، نائیجیریا، تنزانیہ، گھانا، گنی، سیرالیون اور ایتھوپیا کے مسافروں پر کل سے پابندی عائد کر دی ۔سعودی عرب میں کورونا پررواں تعلیمی سال آن لائن جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے قوم سے خطاب میں کہا کہ کورونا سے 5 لاکھ سے زائد شہریوں کی اموات دلخراش معاملہ ہے ۔ قوم متحد رہے اور ماسک کا استعمال کرے ،لوگ ویکسین لگوائیں۔ وائٹ ہاؤس میں ہونیوالی تقریب میں نائب صدر کملا ہیرس اور خاتون اول نے بھی شرکت کی۔ سر جھکا کر مرنیوالوں کی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی، موم بتیاں روشن کی گئیں اور امریکی پرچم سرنگوں رہا۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لندن کے سکول کے دورے پرکہا کہ ویکسین پاسپورٹ کا معاملہ انتہائی پیچیدہ ، لیکن نظرثانی کرینگے ۔