لاہور(جنرل رپورٹر)ملک کے مختلف حصوں میں اہم ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس سے مریضوں کی تکلیف میں اضافہ ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق عام بیماریوں کی ادویات جیسے بخار، نزلہ، زکام کی عدم دستیابی نے مریضوں کے لیے مشکلات پیدا کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایفیڈرین کی سپلائی متاثر ہے اس لیے کمپنیوں کو مخصوص ادویات جو اس جُز سے تیار کی جاتی ہیں بنانے میں دشواری پیش آرہی ہے اور یہ عنصر ادویات کی قلت کا باعث بن رہا ہے ۔ اگر کمپنیوں کو مکمل کوٹہ فراہم کردیا جاتا تو ادویات کی قلت پیدا نہ ہوتی۔ڈاکٹروں کو بھی ان ادویات سے مریضوں کے علاج میں دشواری پیش آرہی ہے اور وہ مریضوں کے لیے کم سے کم ان ادویات کو تجویز کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایسا پہلی بار نہیں ہوا، ہر سال یہ مسئلہ درپیش رہتا ہے ۔مریضوں اور انکے لواحقین نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ معاملے کو حل کرے تاکہ عوام کو ان ادویات کی دستیابی ممکن ہو۔