ریاض ( نیٹ نیوز) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تاریخی دورہ پاکستان کے موقع پر گوادر بندرگاہ میں سعودی عرب کے لیے خصوصی برتھ قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق تزویراتی اعتبار سے گوادر بندرگاہ انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ بحیرہ عرب کے کنارے واقع گوادر بندرگاہ ایران کی آبنائے ہرمز سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے ۔ آبنائے ہرمز سے دُنیا بھر کی ایک چوتھائی تیل بردار آبی ٹریفک گزرتی ہے ۔ گوادر بندرگاہ میں 'سعودی برتھ' کو بندرگاہ میں روڈ اینڈ بیلٹ کے عظیم الشان چینی منصوبے کے مرکزی مقام پر قائم کیا گیا ہے ۔ روڈ اینڈ بیلٹ گوادر کو چین کے سنکیانگ شہر سے ملاتی ہے ۔ سعودی عرب گودر بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں سرمایہ کاری کرنے اور 10 ارب ڈالر مالیت سے دنیا کا تیل صاف کرنے کا سب سے بڑا کارخانہ لگانے کے منصوبے پر کام کررہا ہے ۔ اس منصوبے سے سعودی عرب خطے میں اپنے تزویراتی مقاصد کے گہرائی تک جانے کی صلاحیت حاصل کرسکے گا۔