کیف، ماسکو، واشنگٹن ، پیرس ( نیٹ نیوز، نیوز ایجنسیاں ) یوکرین میں پولینڈ کی سرحد کے قریب سب سے بڑے فوجی اڈے پر روس نے حملہ کردیا ، 35 افراد ہلاک ہوگئے ،اڈے پر نیٹو ٹرینرز بھی موجود تھے ، یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا جنگ میں ہمارے 1300 فوجی مارے جا چکے ، یوکرین میں روسی فائرنگ سے نیویارک ٹائمز کا صحافی مارا گیا، امریکہ نے یوکرین کو مزید ہتھیار اور 20 کروڑ ڈالر فوجی امداد دینے کا اعلان کردیا جس پر روس نے ہتھیاروں کو تباہ کرنے کی دھمکی دیدی، فرانس کے صدارتی دفتر نے بتایا کہ پوٹن نے فرانس اور جرمنی کی جنگ بندی کی اپیل مسترد کردی، ماسکو پر نئی پابندیاں لگانے پر غور کر رہے ہیں، ایک یوکرینی عہدیدار نے بتایا ہے کہ یوکرین اور روس میں آن لائن رابطہ قائم ہے اور دونوں ملک ایک معاہدہ کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق روسی فوج نے پولینڈ کی سرحد پر یوکرین کے فوجی اڈے پر 30 میزائل داغے جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور 134 زخمی ہوگئے ۔ پولینڈ سے محض 25 کلومیٹر دوری پر یافوریف میں ملک کے سب سے بڑے فوجی اڈے پر حملہ کیا گیا۔ اڈے میں نیٹو کے ٹرینر بھی موجود رہے ہیں۔ امریکا نے یوکرین کو مزید ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ، روس نے یوکرین کو بھیجی اسلحہ کی کھیپ تباہ کرنے کی دھمکی دے دی۔وائٹ ہاؤس نے یوکرین کے لیے مزید 20 کروڑ ڈالر فوجی امداد کا اعلان کیا ہے ۔روسی طیارے اور ٹینک تباہ کرنے کے حامل میزائل بھی یوکرین بھیجے جائیں گے ۔ایک روسی ٹینک نے کیف میں مبینہ طور ایک یوکرینی خاتون کو اس وقت ہلاک کردیا جب وہ اپنے گھر سے اپنی بیمار ماں کے لیے دوا لینے نکلی تھی۔ ولیریا مکسیتسکا یو ایس ایڈ پارٹنر آرگنائزیشن کے لیے کام کرتی تھی ۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی نے اب تک قریبا 1300 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ۔ روس یوکرین مذاکرات میں شریک یوکرینی وفد کے رکن پوڈولیاک نے کہا فریقین نے ویڈیو لنک کے ذریعے مواصلات کا سلسلہ اور ایک ورکنگ گروپ قائم کیا ہے ۔ فی الحال فریقین متعلقہ معاہدے پر دستخط کرنے کے قریب ہیں۔ معاہدے میں فائر بندی، روسی فوجیوں کا انخلا، امن معاہدے پر دستخط، اور یوکرین میں تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی مرمت جیسے اصولی موقف شامل ہونے چاہئیں۔فرانسیسی صدارتی دفتر کے مطابق روسی صدر نے فرانس اور جرمنی کی یوکرین میں جنگ بندی کی اپیل رد کردی۔ماسکو پر نئی پابندیوں پر غور کر رہے ہیں۔ یوکرین کے دارالحکومت کے نزدیک روسی افواج کی فائرنگ میں نیویارک ٹائمز کا ایک صحافی برینٹ ریناؤڈ ہلاک ، دوسرا شدید زخمی ہوگیا ۔بھارت نے یوکرین میں اپنا سفارت خا نہ پولینڈ منتقل کر دیا۔روسی وزیر خزانہ نے کہا پابندیوں سے ہمارے سونے اور زرمبادلہ کے 640 ارب ڈالر کے ذخائر میں سے 300 ارب ڈالر منجمد ہوئے ہیں۔پوپ فرانسس نے حملے کو جارحیت قرار دیا اور کہا خداکے نام پر قتل عام کوبند کریں۔شہر خیرسون کی کونسل نے ممکنہ روسی ریفرنڈم کو مسترد کردیا۔